ٹریفک پولیس کا شمار بہترین ونگ میں ہوتا ہے ، جسے تحمل مزاج، برد بار اور شائستہ ہونا چاہیے؛ آر پی او ملتان رفعت مختار راجہ

6

ملتان، 06 جولائی (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر ملتان رفعت مختار راجہ نے  کہا ہے کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ میں ٹریفک پولیس کا شمار بہترین ونگ میں ہوتا ہے ، ٹریفک پولیس آفیسر کو تحمل مزاج، برد بار اور شائستہ ہونا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ایک تقریب میں ٹریفک پولیس افسران و اہلکاروں سے خطاب میں کیا۔ریجنل پولیس آفیسر ملتان رفعت مختار راجہ نے انہیں نصیحت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی عبادت سمجھ کر کریں، دوران ڈیوٹی صبرو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں، قانون کے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے اپنے فرائض ادا کریں،ٹریفک کی روانی کو ہر صورت  یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ ڈیوٹی سرانجام دینے والے افسران دوران ڈیوٹی مثبت اور شائستہ رویہ اپنائیں،دوران ڈیوٹی چوکوں میں اکٹھے کھڑے نہ ھوں اور اس دوران  موبائل فون کے استعمال  سے گریز کریں۔

دوران خطاب ریجنل پولیس آفیسر ملتان نے ٹریفک سٹاف کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک وارڈنز کو اب پرموٹ کیا جا رھا ہے جو کہ ایک خوش آئند اقدام ہے،پروموشن میں آپ کا پورا سروس ریکارڈ دیکھا جاتا ہے،قانون اور ضابطہ کے مطابق پروموشن ملتی ہے تاکہ کسی کی حق تلفی بھی نہ ہو ،

اس کے علاؤہ جو ٹریفک پولیس آ فیسر احسن طریقے سے فرائض سر انجام دے گا

وہ انعام کا حقدار ہے اور جو غفلت کرے گا  اس کو سخت سزا کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔

اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنزحسام بن اقبال،چیف ٹریفک آفیسر ملتان جلیل عمران غلزئی،  ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز طاہر مجید  ودیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔