پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد، افہام و تفہیم پر مبنی ہیں؛ وزیراعظم محمد شہبازشریف

20

اسلام آباد،7جولائی  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد، افہام و تفہیم پر مبنی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف نے  پاکستان میں تعینات ترکیہ کے نئے سفیر مہمت پیکاسی سے گفتگو میں کیا، جنہوں نے جمعرات کو یہاں وزیر اعظم سے ملاقات کی ، ملاقات میں وزیراعظم نے ترکیہ کے سفیر کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی اور پاکستان میں کامیاب مدت کے لیے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ نئے  سفیر کی تعیناتی کے دوران    تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں  دوطرفہ تعاون مزید مضبوط ہوگا۔

 وزیر اعظم شہباز شریف نے جموں  و کشمیر کے تنازع پر ترکی کی مستقل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔ جون 2022 میں ترکیہ کے اپنے دورے کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ وہ رواں سال ستمبر میں پاکستان میں اعلیٰ سطح کی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے 7ویں اجلاس کے لیے ترک  صدر رجب طیب اردوان کا خیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں۔

 وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور دونوں ممالک میں یادگاری تقریبات کے ذریعے اس سنگ میل کوبھرپور  طریقے سے منانے کی اہمیت پر زور دیا۔