اوکاڑہ یونیورسٹی ایکٹ کے مطابق میرٹ اور ایمانداری کی اقدار پہ چلائی جائے گی؛ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد

9

اوکاڑہ،21جولائی(اے پی پی ): نئے تعینات ہونے والے وائس چانسلراوکاڑہ  یونیورسٹی  پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے اپنے پیشرو اور یونیورسٹی کے بانی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر کی پالیسیوں اور ترقیاتی کاموں کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اوکاڑہ یونیورسٹی ایکٹ کے مطابق میرٹ اور ایمانداری کی اقدار پہ چلائی جائے گی۔

 یونیورسٹی کے انتظامی افسران اور اساتذہ کے ساتھ پہلے اجلاس میں خطاب کرتے انہوں نے یونیورسٹی میں مقامی کمیونٹی کی ضروریات کے مطابق نئے تعلیمی پروگرامز شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے طلباء کو جدید جاب مارکیٹ کے مطابق تیار کریں گے اور ان کو ذمہ دارانہ شہریت کی تربیت دیں گے۔

پروفیسر واجد نے مزید کہا کہ ان کے دور میں یونیورسٹی ایکٹ اور سروس رولز کی رو سے مکمل میرٹ اور ایمانداری کے ماڈل پہ چلائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم کمیونٹی آوٹ ریچ پروگرام کے تحت مقامی آبادیوں میں پبلک ہیلتھ اور معاشرتی ترقی کے مختلف معاملات کے حوالے سے آگہی پھیلانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

وائس چانسلر نے ماہی پروری، ریشم کے کیڑوں کی افزائش اور شہد کی مکھیوں کےلیے تحقیقی سہولیات کی تعمیر اور اس حوالے سے تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے کےلیے بھرپور کوشش کریں گے۔

اجلاس کے اختتام پہ ڈینگی مکاو مہم کے حوالے سے وائس چانسلر کی نگرانی میں یونیورسٹی میں ایک ریلی بھی نکالی گئی۔