اسلام آباد،31جولائی (اے پی پی):وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے پونے چار سال میں 20 ہزار ارب کا قرض لیا،بجلی،گیس کے شعبہ کو نقصان کے ساتھ ساتھ پی ایس او کو بھی عمران خان نے ڈیفالٹ کر دیا،عمران خان نے لکھ کر دیا تھا ایمنیسٹی نہیں دوں گا پھر اپنے اے ٹی ایمز کو ایمنیسٹی دی۔
اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سابق حکومت کی پالیسیوں کے باعث تجارتی خسارے میں اضافہ ہوا، ملکی برآمدات بڑھانے کےلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں، ہم نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے تاریخ کا سب سے زیادہ قرضہ لیا، سابق حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے تجارتی خسارہ بڑھا، 4 سال میں 20 ہزار ارب قرض لیا جس سے ملک کا معاشی نقصان ہوا۔ عمران حکومت نے بجلی منصوبوں میں سرمایہ کاری نہیں کی۔ ان کے دور میں ٹیکس کلیکشن میں کمی ہوئی، معیشت کے تمام شعبوں کو تباہ کیا گیا۔ عمران خان بتائیں انہوں نے کیا معاشی اصلاحات کیں؟۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہماری حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ مقامی صنعت کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ درآمدات پر پابندیاں مرحلہ وار ختم کریں گے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے اپیل کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں اضافہ ضرور ہوا ہے مگر اس کی ذمہ دار سابقہ حکومت ہے ۔پاکستان کو آج نوازشریف نے بچایا، آج تک یہ نہیں بتایا گیا نوازشریف نے کرپشن کہاں کی؟۔ عمران خان نے یوٹرن لے کر اپنے ہی لوگوں کو ایمنسٹی دی۔











