ترکیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مذیدمستحکم کریں گے، یومِ جمہوریہ پر مبارکباد؛ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

9

اسلام آباد،15 جولائی(اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام مشترکہ تاریخ سے جُڑے ہیں اور ہمیشہ آسان اور مشکل وقت میں ساتھ رہے ہیں، ہمارے لئے خوشی کا باعث ہے کہ صدر اردگان ستمبر میں پاکستان آرہے ہیں۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں اسلام آباد میں ترک سفارتخانے میں چھٹے یوم جمہوریہ کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ترک عوام اور حکومت کو اس موقع پر مبارکباد پیشکش کرتے ہوۓ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج کا شاندار دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ترک عوام نے اپنی جمہوریت اور صدر پر کیسے بزدلانہ حملے کو پسپا کیا۔ صدر رجب طیب اردگان کی قیادت میں ترکیہ میں جمہوریت اور معیشت مظبوط ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اگلے ہفتے ترک پارلیمنٹ کی جانب سے دی گئی دعوت پر وہ ترکیہ کا دورہ کررہے ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عالمی امن و استحکام اور دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لئیے دونوں ممالک مل کر کام کرتے رہیں گے جس کے لئیے دو طرفہ سرمایہ کاروں، طلباء اور  سیاحت میں رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

 پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر مہمت پاکاسی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جولائی 2015 میں دہشت گرد تنظیم فیٹو نے ترکیہ کی ریاست اور آزادی پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جسے  کچل دیا گیا اور جمہوریت کو کامیابی حاصل ہوئی، فیٹو چالیس سال سے خاموشی سے ترکیہ کے خلاف کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے شروع ہی میں فیٹو کو دہشت گرد تنظیم قرار دے کر اس پر پابندی عائد کردی تھی جس پر ہم حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

تقریب میں پاکستان کے مُختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔