رحیم یار خان؛ دریائے سندھ چاچڑاں شریف کے مقام پر تفریحی مقام کا افتتاح کر دیا گیا

5

رحیم یار خان،07 جولائی (اے پی پی ): ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب نے دریائے سندھ چاچڑاں شریف کے مقام پر تفریحی مقام کا افتتاح کر دیا، سیکرٹری ٹورازم پنجاب احسان بھٹہ نے ڈپٹی کمشنر موسیٰ رضا کے ہمراہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری ٹورازم احسان بھٹہ  نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو مقامی سطح پر سیر و سیاحت کے وسیع مواقع فراہم کرنے کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب صوبہ بھر میں عوامی سہولت کے لئے تفریحی مقامات کو سہولیات سے آراستہ کر رہی ہے جبکہ ابتدائی طور پر ٹورازم کارپوریشن نے دریائے سندھ میں کشتی رانی کے لئے دو جدید بوٹس فراہم کی ہیں۔

سیکرٹری ٹورازم احسان بھٹہ نے کہا کہ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب چاچڑاں شریف دریائے سندھ کنارے عوامی سہولت کیلئے ایک ایکڑ اراضی حاصل کر رہا ہے،  مختص اراضی پر سیاحوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہوٹل، فیملی ریزورٹ، واش رومز کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے تیزی سے کام مکمل کیا جائے گا۔

احسان بھٹہ نے کہا کہ مقامی عملہ کوہدایت کی گئی ہے کہ سیاحو ں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے،بغیر لائف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے کشی کو دریامیں نہیں اتارا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ ضلع میں سیر و سیاحت کے وسیع مقامات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ وسیع و عریض چولستان، تاریخی مقامات اس ضلع کی شناخت ہیں، ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب کے ساتھ مل کر ضلع کے دیگر تاریخی و تفریحی مقامات کو سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سہولیات کی موجودگی میں سیاح تاریخی و سیاحتی مقامات پر اپنے وقت سے لطف اندوز ہوں گے، سیاحوں کی سیکورٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سیاحوں کو سہولیات فراہمی کے لئے انتظامیہ اپنا کردار ادا کرے گی،عید الاضحی تعطیلات میں سیاحوں کی حفاظت کے لئے پولیس اور ریسکیو1122کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی۔

 منیجر پی این ڈی عامر نواز، اسسٹنٹ کمشنر الماس صبیح، فوکل پرسن شیخ محمد اعجاز بھی اس موقع پر موجود تھے۔