سوشل میڈیا کے ذریعےغیراخلاقی مواد کی تشہیر،شہریوں کی ہراسگی اورکردار کشی کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ  ؛وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ

22

اسلام آباد، 15 جولائی (اے پی پی):سوشل میڈیا کے ذریعےغیراخلاقی مواد کی تشہیر،شہریوں کی ہراسگی اورکردار کشی کے ذریعے ساکھ خراب کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سائیبرکرائم کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کی زیر صدارت جمعہ کو یہاں اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، آئی جی پنجاب راؤسردارعلی خان، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محمدطاہررائے،  قائم مقام چئیرمین نادرا بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) خالدلطیف اور دیگرحکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں سوشل میڈیا پرشہریوں کی ہراسگی،غیراخلاقی ویڈیوزاپلوڈ کرنے،بلیک میلنگ اورانکی کردارکشی سے متعلق معاملات کاجائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ نے سائیبرکرائم میں ملوث ایسے افراد کیخلاف سخت اور فوری ایکشن کیلئے ڈائیریکٹر جنرل ایف آئی اے کو ہدایات جاری کیں۔

اجلاس میں سائیبرکرائم بلخصوص ہراسگی اور توہین آمیز مواد اپ لوڈ کرنے اوراسکی تشہیر سے متعلق قوانین کو موثر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور ہراسگی اور کردارکشی کے ذریعے ساکھ خراب کرنےکے معاملے پر PECA 2016 میں ضروری ترامیم لانے کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا۔ ورکنگ گروپ سوشل میڈیا پر ہراسگی، کردارکشی اور توہین آمیز مواد روکنے کیلئے قانون سازی اورانتظامی اقدامات کے حوالے سے معاملات کاجائیزہ لے گا۔ورکنگ گروپ تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور اتفاق رائے سے اپنی مرتب شدہ سفارشات وزارت داخلہ کو پیش کرے گا۔

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پرغیراخلاقی اور توہین آمیز مواد کی موجودگی اور اسکی تشہیر سے معاشرے میں انارکی اور بیگاڑکا اندیشہ ہے۔ایسے جرائم میں ملوث افراد کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور کارروائی بلا تفریق عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں اخلاقی اقدار پامال کرنے والوں کیخلاف متعلقہ ادارے زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائیں۔

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ شہریوں کی عزت نفس محفوظ بنانے، انکو ہراسگی اور بلیک میلنگ سے بچانے کیلئے ایف آئی اے، پی ٹی اے اور دیگر ادارے فعال کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ شہری اپنی شکایات ایف آئی اے کے رابطہ نمبرز پر بھیجیں، شکایات پر بلا تاخیر عملدرآمد کرینگے۔

اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے  نے بتایا کہ سائیبر سپیس میں ہراسگی، کردار کشی، غیراخلاقی مواد اور بلیک میلنگ سے متعلق شکایات ایف آئی اے کے رابطہ نمبرز پر درج کرواسکتے ہیں۔ شہری اپنی شکایات ایف آئی اے پورٹل، شکایت نمبر 111345786 یا ایف آئی آئے کے کسی بھی دفتر میں درج کروا سکتے ہیں۔