ضمنی انتخابات میں ہمیں  مشکل فیصلوں کی سیاسی قیمت ادا کرنا پڑی ؛ وفاقی وزیر احسن اقبال

37

لاہور، 30جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہاہے کہ حکومت کے پاس عوام کو سبسڈی دینے کے پیسے نہیں اس لئے عوام کومہنگائی کا سامنا ہے،ضمنی انتخابات میں ہمیں  مشکل فیصلوں کی سیاسی قیمت ادا کرنا پڑی ہے۔

  ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کو  یہاں ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ انشاء اللہ چند ماہ میں معیشت کو مستحکم کر کے الیکشن کی طرف جائیں گے ، ہم نے عمران خان کے گناہوں کا بوجھ اٹھایا ، اپنی سیاسی ساکھ کو دائو پر رکھ کر ریاست اور معیشت کو بچانے کا فیصلہ کیا ،ضمنی انتخابات میں ہم زیادہ سیٹیں جیت سکتے تھے لیکن الیکشن سے چند ماہ پہلے ہمارے مشکل فیصلوں کی وجہ سے عوام نے اپنا ردعمل ظاہر کیا ، ہم نے اپنی سیاسی ساکھ کو بچانے کے لئے قربانی دی ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان ملک کو سری لنکا جیسے حالات سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، ہم نے ملک کو بچانے کے لئے اپنی سیاست دائو پرلگا دی ، پاکستان سری لنکا نہیں بن سکتا کیونکہ ملک میں محب وطن حکومت موجود ہے ۔