ملتان۔21جولائی (اے پی پی):سی ای او ملتان ویسٹ مینجمنٹ امیرحسن سے مزین عباس چاون کی قیادت میں لائسنس یافتہ اور عزاداران کے وفدنے ملاقات کی۔منیجر آپریشنز ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی انوارالحق بھی ملاقات میں موجود تھے۔اس موقع پر سی ای او امیر حسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عاشورہ محرم کے سلسلے میں جامع صفائی پلان تیار کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کمپنی ورکرز کی ڈیوٹیاں دو شفٹوں میں لگائی جائیں گی اور شہر کے تمام سیکٹرز کے انچارج اپنے ایریاکے فوکل پرسن مقرر ہونگے جوکہ امام بارگاہوں، مجالس اورجلوسوں کے منتظمین کے ساتھ مربوط رابطہ قائم کریں گے۔امیرحسن نے بتایا کہ قاسم بیلہ اور مظفرآباد میں واقع امام بارگاہوں میں بھی صفائی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور ہیلپ لائن 1139 کو مزید موثر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نواسہ رسولﷺ سے محبت اور عقیدت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔عاشورہ محرم کے دوران صفائی کے مثالی انتظامات کئے جائیں گے۔اس موقع پر عزاداران اورلائسنسداران نے عید قرباں کے موقع پر صفائی کے بہترین انتظامات پر کمپنی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات کے اختتام پر امن و امان کے قیام اور ملک کی ترقی وخوشحالی کے لئے دعا بھی کی گئی۔