مری؛ سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر کلیم نے مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا،مہم 15 اگست تک جاری رہے گی

5

مری ، 06 جولائی (اے پی پی ): مری  گیریژن ، سٹیشن ہیڈ کورٹرز، کینٹ بورڈ ، محکمہ جنگلات اور مری ڈویلپمنٹ فورم کے اشتراک سے  مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا گیا ہے ،افتتاح سٹیشن کمانڈر مری بریگیڈئیر کلیم نے پودا لگا کر کیا۔

 مون سون شجرکاری مہم 15 اگست تک جاری رہے گی۔ اس مہم کا مقصد مری میں درختوں کی تعداد میں اضافہ، بچوں میں درختوں کی اہمیت کے حوالے سے شعور کی بیداری اور ماحولیات کا تحفظ ہے۔

اس موقع پر بریگیڈئیر کلیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچوں میں درخت لگانے کے حوالے سے جو جذبہ ہے ہم نے آج دیکھا وہ بہت حوصلہ افزا بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اپنی سرحدوں کی حفاظت کے علاوہ اپنے وطن کی مٹی اور ماحول کی تحفظ کے لیے بھی سر گرم عمل ہے۔ تمام لوگ جو اس مشق کا حصہ بنے بشمول محکمہ جنگلات، کینٹ بورڈ ، ایم ڈی ایف اور بالخصوص لوکل سکولز کے بچے مبارکباد اور خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

 محکمہ جنگلات سے  سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر جاوید نے لوگوں کے جذبے کو سراہا اور کمیونٹی کی شرکت کو خوش آئند قرار دیا۔

ایم ڈی ایف سے کاظم عباسی اور نعمان عباسی نے کہا کہ مری کے ماحول کا تحفظ اور جنگلات کی بڑھوتری ایم ڈی ایف کی اولین ترجیح ہے ، ہم اداروں کے شکر گزار ہیں کہ وہ ہمارے علاقے کی قدرتی خوبصورتی کے لیے کاوشیں کرتے ہیں۔

انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول جھیکا گلی کے بچوں ، ایجوکیٹرز سکول کے بچوں اور گورنمنٹ پرائمری سکول کے بچوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے خراب موسم میں بھی اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ ان سکولوں کی انتظامیہ کے تعاون سے آج تین سو سے زائد پودے لگائے گئے۔ اگلے مرحلے میں ایم آئی ٹی  ، مسیاڑی لنک روڈ اور لارنس کالج روڈ پر پودے لگائے جائیں گے جو کہ چار مختلف زونز پر مشتمل ہونگے۔

منتظمیں نے ہیڈ ماسٹر ہائی سکول جھیکا گلی اعجاز عباسی ، پرنسپل ایجوکیٹرز سکول ساجد قریشی ،ہیڈ مسٹریس پرائمری سکول شوالہ مس  تہمینہ  کا بھی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے آج بچوں نے پروگرام میں شرکت کی۔