ملتان، 12 جولائی (اے پی پی): چئیر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی ہدایت پر ادارے میں رہائش پذیر بچوں کے ساتھ عیدالاضحیٰ بھرپور طریقے سے منائی گئی۔
سپروائزری آفیسر چائلڈ پروٹیکشن بیورو فرحت جبیں، اعجاز رضا، لیزا تبسم، نوید مختار نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں رہائش پذیر بچوں کے ساتھ عید منائی،بچوں میں کھانے پینے کی اشیاء، مٹھائی اور تحائف تقسیم کئے گئے۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ترجمان کے مطابق عید کی حقیقی خوشی ان لاوارث بے آسرا بچوں کے ساتھ وقت گزارنا ہے ، عیدالاضحیٰ کے موقع پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں رہائش پذیر بچوں کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اور بچوں کے ساتھ بکرے کی قربانی کی گئی ۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ترجمان نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں رہائش پذیر بچوں کے لئے سپیشل مینو کا بندوبست کیا گیا ۔ بچوں کے لئے چپل کباب، برگر، گول گپے، دہی بھلے، آئسکریم کے سٹالز لگائے گئے جبکہ بچوں کے لئے میوزک کا اہتمام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی جانب سے خوب ہلہ گلہ کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ عید کے موقع پر بچوں کے لئے خاص اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ ان لاوارث بے آسرا بچوں کو اپنے گھر کمی محسوس نہ ہو۔