ملتان، 11جولائی(اےپی پی): ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی عید قرباں کے پہلے روز کارکردگی انتہائی شاندار رہی۔کمپنی ورکرز نےعید کے پہلے روز 5733 ٹن آلائشیں تلف کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔کمپنی کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ نے اس سلسلے میں ڈیٹا جاری کردیا ہے۔عید صفائی آپریشن گزشتہ رات گئے تک جاری رہا۔کمپنی کی عید کے پہلے دن کی کارکردگی پر کمشنر عامر خٹک اور ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور انہوں نے کمپنی کے سی ای او امیر حسن کو شاباش دی ہے اور اسی جذبے اور رفتار سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے سی ای او امیر حسن نے پہلے دن کے صفائی آپریشن کی تفصیلات بارے بتایا کہ آلائشوں سے لدی ہیویگاڑیوں نےلینڈ فل سائیٹ کے404 چکر لگائے۔ان گاڑیوں میں ڈمپر، آرم رول اور ہیوی ٹرک شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کمپنی ورکرز نے موسم اور بارش کو اپنی کارکردگی میں حائل نہیں ہونے دیا۔کمپنی ورکرز ہمارے ہیرو ہیں اور انہیں اپنے ورکرز پر فخر ہے۔انہوں نے بتایاکہ انہیں کمشنرعامرخٹک اور ڈپٹی کمشنرطاہر وٹو کی مکمل رہنمائی حاصل ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کے افسران کی مانیٹرنگ بھی عید آپریشن کے لئے انتہائی مددگار ثابت ہورہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ آج عید کے دوسرے روز صفائی آپریشن میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔شہر میں15فیلڈآفسسز فعال ہیں جنہیں علی الصبح انہوں نے چیک کیا ہے۔ان فیلڈ آفسسز سے مشینری ہر یونین کونسل کے انچارج کے حوالے کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ فیلڈ آفسسز سے شہریوں کو آلائشوں کے لئے پلاسٹ بیگ بھی فراہم کئے جارہے ہیں۔امیر حسن نے کہا کہ عید کے تیسرے دن ملتان کو زیرو ویسٹ کرکے دم لیں گے۔