ملک کے دیوالیہ ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، معیشت کو مستحکم بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں، وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا

24

اسلام آباد۔28جولائی  (اے پی پی):قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ملک کے دیوالیہ ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، معیشت کو مستحکم بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں، ڈالر کی قدر مستحکم کرنے کے لئے امریکہ نے ڈالر کا پالیسی ریٹ بڑھایا ہے جس کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک کی کرنسی کی قدر میں کمی آئی ہے، روپے کی قدر میں اضافے کے لئے ڈالر کی طلب اور رسد کو متوازن کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران سید حسنین طارق کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشانے کہا کہ پے اینڈ پنشن کمیشن کی سفارشات آنے والی ہیں۔ اس کے بعد اس کا جواب دیا جاسکتا ہے۔ صابر حسین قائم خانی کے ضمنی سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا کہ پاکستان میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کم ہو رہی ہے اس کی عالمی وجوہات ہیں۔  امریکہ نے ڈالر کا پالیسی ریٹ بڑھا دیا ہے۔ ڈالر کی قدر اس کی وجہ سے وہاں مستحکم ہوئی ہے۔ دنیا کے بیشتر ممالک کی کرنسی کی قدر کم ہوئی ہے، کچھ ہماری قومی وجوہات بھی ہیں اس میں ڈالر کی ڈیمانڈ اور سپلائی ہے۔ ایک وجہ ہمارا درآمدی  بل بڑھنا بھی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے بھی ہمارا امپورٹ بل بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے درآمدات کا بل اب کافی حد تک کم کردیا ہے۔ درآمدی بل کو برآمدات کے تناسب کے مطابق لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیوالیہ ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے جلد ہی ایک ارب بیس کروڑ ڈالر کی قسط مل جائے گی۔