موجودہ جدید دور میں ترقی یافتہ ممالک نالج بیسڈ اکانومی کی طرف گامزن ہیں ، محمدعالمگیر چوہدری

7

اسلام آباد،06جولائی  (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسرنیشنل پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن(این  پی او )محمد عالمگیر چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ جدید دور میں ترقی یافتہ ممالک نالج بیسڈ اکانومی کی طرف گامزن ہیں،پاکستان دنیا میں ایک بھرپور استعداد کی حامل معیشت کے طور پر جانا جاتا ہے لیکن بدقسمتی سے گزشتہ کچھ سالوں سے پاکستان اپنی معاشی استعداد  کو بروئے کار نہیں لاسکا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سست معاشی ترقی کے پیچھے کم سرمایہ کاری، ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کا فقدان اور پروڈکٹویٹی میں کمی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ٹرن اراؤنڈ پاکستان کے تحت معاشی استحکام کا منصوبہ تیار کیا ہے اور نیشنل پروڈکٹویٹی آرگنائزیشن ٹرن اراؤنڈ پاکستان کے تحت پلاننگ کمیشن کے ورکنگ گروپ میں کام کر رہی ہے ۔محمد عالمگیر چوہدری نے کہا کہ این پی او تین سالہ گروتھ سٹرٹیجی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے جس کے تحت این پی او ٹارگٹڈ پروڈکٹویٹی بڑھانے سمیت دیگر پروگرامز کے حوالہ سے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ موجودہ جدید دور میں ترقی یافتہ ممالک نالج بیسڈ اکانومی کی طرف گامزن ہیں،پاکستان دنیا میں ایک بھرپور استعداد کی حامل معیشت کے طور پر جانا جاتا ہے لیکن بدقسمتی سے گزشتہ کچھ سالوں سے پاکستان اپنی معاشی استعداد کو بروئے کار نہیں لاسکا ،ملک کی سست معاشی ترقی کے پیچھے کم سرمایہ کاری،ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کا فقدان ، کم پروڈکٹویٹی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  حکومت پاکستان ملک میں پراڈکٹویٹی کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے، یہ میڈیا کا دور ہے میڈیا بھی پیداوار کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔