اسلام آباد،1جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری نے اوپی ایف ویلی کے حوالے سے سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات کا نوٹس لے لیا۔ساجد حسین طوری نے او پی ایف ویلی اسلام آباد کا ہنگامی دورہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر دکھ ہوا کہ طویل عرصے میں او پی ایف ویلی اسلام آباد تیار نہیں ہوسکی ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات ہیں کہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں ،چیئرمین کی ہدایات کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ذاتی طور پر مختلف اداروں و وزارتوں میں جاؤں گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کے نام پر سیاست کی۔ سابق حکومت کی وجہ سے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ ہوااورسمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل نہ کرنے پر عمران خان کو معافی مانگنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مجھے دنیا بھر سے بیرون ملک مقیم محنت کش پاکستانیوں کی شکایات موصول ہو رہی ہیں،اگر سوسائٹی ڈویلپ کرائی جاتی تو سمندر پار پاکستانیز گھر، مارکیٹ و دکانیں بناتے۔ او پی ایف ویلی کی بروقت ڈویلپمنٹ سے غیر ملکی ترسیلات زر میں کئی گنا اضافہ ہوتا کیو نکہ او پی ایف ویلی زون فائیو میں سمندر پار پاکستانیوں نے بھاری رقوم کی سرمایہ کاری کی ہے۔
وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری نے بتایا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی بروقت ڈویلپ و ڈیلیور کرانا او پی ایف کی ذمہ داری ہے،اس میں مزید غفلت و کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہاؤسنگ سوسائٹی کی بروقت ڈویلپمنٹ نہ کرانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ اس میں مزید غفلت اور کوتاہی برداشت نا کی جائے جبکہ اس سلسلے میں ایک علی سطحی کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں،کمیٹی میں او پی ایف ویلی ایسوسی ایشن کے عہدیداران بھی شامل ہونگے اور کمیٹی تمام شکایات کوہنگامی بنیادوں پر حل کرے گی۔