وفاقی وزراء خرم دستگیر اور ڈاکٹر مصدق ملک کی مشترکہ  پریس کانفرنس،چین سے 2ارب 30کروڑ ڈالر کی مالی معاونت مل گئی ہے   ، وفاقی وزیر بجلی   خرم دستگیر

49

 

اسلام آباد،21جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ چین سے 2ارب 30کروڑ ڈالر کی مالی معاونت مل گئی ہے مزید دوست ممالک بھی پاکستان کی مدد کریں گے ، آئی ایم ایف سے بھی اگست میں قسط مل جائے گی ، جلد  مہنگائی میں کمی ہوتی ہوئی نظر آئے گی ،  عمران خان کا ایجنڈا قومی اداروں کو تباہ کرنا ہے ، جمہوری طریقے سے اسے شکست دیں گے ،عام انتخابات  2023 میں ہوں گے،موجودہ حکومت نے  تین ماہ میں 214 ارب گردشی قرضہ کم کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیرمملکت  پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے  گی ،2018 کے الیکشن میں بھی پنجاب میں ہماری اکثریت تھی اور ہمارے ارکان کی تعداد 166اور عمرانی فتنے کی تعداد 155تھی ۔انہوں نے کہا کہ17جولا ئی کو مسلم لیگ ن نے پنجاب میں ضمنی انتخابات کا انعقاد کیا اور اس میں کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوا،کوئی پریزائیڈنگ افسر اور نہ کوئی ووٹ بکس چوری ہوا،پرامن طریقے سے الیکشن کا انعقاد کیا گیا ۔

وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت برآمدات میں اضافے اور  درآمدات میں کمی کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ، وزیراعظم کی ہدایت پر تیل کے درآمدی بل میں جون اور جولائی میں نمایاں کمی لائی گئی ہے ،پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی  کی روک تھام کے لئے بھی مؤثر اقدامات کئے جارہے ہیں ،ملک کی ضروریات کے لئے 34دن کا پٹرول اور 66دن کا ڈیزل موجود ہے ،تیل کے درآمدی بل میں کمی سے روپے کی قدر اور معیشت میں استحکام اور ادائیگیوں کے توازن میں بہتری آئے گی۔

 ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ  دنیا میں تمام ممالک کو تیل اور توانائی کے بحران کا سامنا ہے ، حکومت اس صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹ رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تیل کے د رآمدی بل میں کمی سے روپیہ مستحکم ہو گا اور روپے پر دباؤمیں کمی آئے گی ، معیشت کو بھی استحکام حاصل ہو گا اور ادائیگیوں کے توازن میں بہتری آئے گی ۔