وہاڑی؛ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے سلسلے  میں صنعت زار میں تقریب کا انعقاد،طالبات نے ملی نغمے، ٹیبلو اور تقاریر کے ذریعے وطن سے محبت کا اظہار کیا

32

وہاڑی، 22 جولائی (اے پی پی ): پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے سلسلے  میں  جمعہ کو  یہاں صنعت زار میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد انور نے کی جبکہ مہمان خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن میاں نعیم عاصم تھے۔تقریب میں  طالبات نے ملی نغمے، ٹیبلو اور تقاریر کے ذریعے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔

تقریب سے خطاب میں ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن میاں نعیم عاصم نے کہا کہ نوجوان نسل ہمارے مستقبل کا سرمایہ ہیں، ہمیں نئی نسل کو قیام پاکستان کی جدوجہد آزادی بارے آگاہی دینی ہے اور ہمیں اپنی نوجوان نسل کو ہنرمند بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ زندگی کی مہارتیں سیکھ کر ہی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے جبکہ  پاکستان کی ترقی میں ہی ہم سب کی خوشحالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ہر طرح کے وسائل سے مالامال کیا ہے، ہمیں اپنی مصنوعات تیار کرکے انکی پوری دنیا میں مارکیٹنگ کرنی ہے۔

اس موقع پر  ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد انور نے  کہا کہ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کا مقصد 75ویں جشن آزادی کو جوش و خروش سے منانا ہے۔ طالبات نے ملی نغموں، ٹیبلو اور تقاریر کے ذریعے بہترین انداز سے محبت کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عظیم جدوجہد کے بعد معرض وجود میں آیا ہے، آزادی ایک نعمت ہے، ہم آزادی کی وجہ سے پاکستان میں سکون و سلامتی سے زندگی بسر کررہے ہیں۔

 تقریب میں سماجی رہنما صبوحی حسن،منور سلطان مشی،اسسٹنٹ وومن کرائسسز سنٹر رخسانہ منشا، وارڈن دارلامان رخسانہ شاہ، ٹیچر دارلامان مسز شفقت محمود، ٹیچرز صنعت زار بشریٰ بی بی،شاہدہ ملک،سعدیہ عندلیب، کلثوم اختر، مس سحر اور عدنان لیاقت  نے شرکت کی  اور طالبات کو داد دی۔