اسلام آباد،29جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی میں اعلان کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے11 مستعفی ممبران قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرلئے گئے ہیں اور ان کی سیٹیں خالی ہوچکی ہیں۔
جمعہ کو قومی اسمبلی میں سپیکر راجہ پرویز اشرف نے ایوان کو آگاہ کیا کہ 11 اپریل کو این اے 22 مردان سے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان، فضل محمد خان (NA-24)، شوکت علی (NA-31)، فخر زمان خان کرم ون (NA-45)، فرخ حبیب (NA-108)، اعجاز احمد شاہ (NA-118)، جمیل احمد خان (NA-237)، محمد اکرم چیمہ (NA-239)، عبدالشکور شاد (NA-246)، ڈاکٹر مہر النسا شیریں مزاری (مختص نشست)، شاندانہ گلزار خان (مختص نشست) نے اپنی نشستوں سے استعفے دیئے تھے جن کو آئین اور رولز آف بزنس کے تحت منظور کرلیا گیا ہے اور 11 اپریل سے ان کی نشستیں خالی ہوگئی ہیں۔
قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ 2022ء کے چھ ماہ میں 4 لاکھ 11 ہزار پاکستانی وزارت اوورسیز کے ساتھ رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ وقفہ سوالات کے دوران غوث بخش مہر کے سوال کے جواب میں ساجد حسین طوری نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران وزارت اوورسیز کے ساتھ 15 لاکھ 52 ہزار 726 رجسٹرڈ ہوئے ہیں اور باقی ممالک کے ساتھ بھی لیبر معاہدے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے بعد حالات بہتر ہو رہے ہیں اور ہر مہینے سعودی عرب 50 ہزار پاکستانی جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2022ء کے چھ ماہ میں 4 لاکھ 11 ہزار پاکستانی وزارت اوورسیز کے ساتھ رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔
قومی اسمبلی میں بین الحکومتی تجارتی ٹرانزیکشن بل 2022ء بھی پیش کردیا گیا ہے ، مہناز اکبر عزیز نے بل ایوان میں پیش کیا جبکہ وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی سالانہ رپورٹ2021 بھی ایوان میں پیش کی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات اور ایجنڈے میں شامل بعض امور کو نمٹایا گیا۔ بعد ازاں سپیکر راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام 4بجے تک ملتوی کردیا ۔











