چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ علی سرفراز حسین کی معاون خصوصی روبینہ خورشید عالم سے ملاقات،پائیدار ترقی کے اہداف پر پنجاب پارلیمانی ٹاسک فورس کے کردار پر تبادلہ خیال

27

لاہور ،04 جولائی  (اے پی پی): چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ علی سرفراز حسین نے وزیر اعظم کی معاون خصوصی  روبینہ خورشید عالم اور فوکل پرسن پائیدار ترقی اہداف (SDG’s) پنجاب رمیش اروڑہ سے ملاقات کی۔ملاقات میں پائیدار ترقی کے اہداف پر پنجاب پارلیمانی ٹاسک فورس کے کردار پر تبادلہ خیال ہوا۔

 اس موقع پر چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ علی سرفراز حسین نے کہا کہ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام اور اس کی ترقیاتی حکمت عملی 2030 کے SDGs ایجنڈے سے ہم آہنگ ہیں۔ پنجاب غربت میں کمی اور بچوں کی نشوونما، شفافیت اور احتساب کو بہتر بنانا، صنفی مساوات کو فروغ دینا اور خواتین کو بااختیار بنانے سمیت کئی محاذوں پر ترقی کر رہا ہے، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب میں موثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ علی سرفراز حسین نے  کہا کہ پی اینڈ ڈی میں پنجاب SDGs یونٹ، پائیدار ترقی اہداف کے لیے مین اسٹریمنگ، ایکسلریشن اور پالیسی سپورٹ (MAPS) کو صوبائی منصوبوں اور پالیسیوں کو ایجنڈا 2030 کے اہداف کے ساتھ ہم آہنگ کرنے،SDGs پر نگرانی اور رپورٹنگ کو مضبوط بنانے کے علاوہ فنانسنگ کے بہاؤ کو تیزی سے ترتیب دینے کو یقینی بناتا ہے۔

معاون خصوصی برائے وزیراعظم روبینہ خورشید عالم نے کہا کہ پنجاب حکومت کی توجہ صوبے میں پائیدار ترقی کے اہداف کے موثر نفاذ کے لیے درکار فنانسنگ فرق کو پورا کرنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔رمیش اروڑہ نے صوبہ بھر میں پائیدار ترقی کے اہداف کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کی کوششوں کو بھی سراہا۔