ملتان، 26جولائی )اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں مذہبی انتہاءپسندی اور فرقہ واریت کے خلاف مذہبی و سماجی حلقے ایک پلیٹ فارم پر ہیں ،شرپسندی کے خلاف طویل جنگ کے بعد اس قوم نے مثالی امن و امان کی فضاءقائم کی ہے، جس کو بگاڑنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے،محرم الحرام پر اس امن و امان کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، اس سلسلے میں ڈویژن بھر میں محرم الحرام کے انتظامات ہنگامی بنیادوں پر جاری ہیں تاکہ عزاءداروں کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس میں محرم الحرام کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر انجینئر عامر خٹک نے ملتان سمیت چاروں اضلاع کی انتظامیہ کو لائیسنداران سے موثر رابطہ سازی کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ ماتمی جلوسوں کے روٹس اور عبادت گاہوں پر صفائی و سکیورٹی کے مثالی اقدامات کئے جائیں گے جبکہ بارشوں کے پیش نظر تعمیراتی کام فوری مکمل کئے جائیں۔
عامر خٹک نے کہا کہ میپکو،واسا اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی یکم محرم الحرام تک پلان تشکیل دیں اور سروسز فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں ۔انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی کاموں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کرایا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر رفعت مختیار راجہ نے کہا کہ محرم الحرام پر قیام امن کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔حکومت پنجاب کے احکامات کے تحت جلوسوں اور مجالس کے اوقات کار اور روٹس پر کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
قبل ازیں عزاءداری تنظیموں کے نمائندگان نے کمشنر اور آر پی او کو مسائل بھی پیش کئے ۔اس موقع پر آر پی او رفعت مختیار راجہ اور ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن سرفراز احمد و ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر بھی موجود تھے۔