نارووال,21جولائی ( اے پی پی) :ڈپٹی کمشنرامتیاز گوندل کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ پرائس کمیٹی کااجلاس منعقد،اجلاس میں روزمرہ کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کاتقابلی جائزہ لیاگیا۔ڈی اوانڈسٹریزذیشان نیاز کے علاوہ ڈی ایف سی عظمت علی،،ڈی ڈی زراعت تنویراحمد تتلہ،اے ڈی ایل لائیوسٹاک ڈاکٹرمحمد سعید،ڈپٹی ڈی او ہیلتھ ڈاکٹرمحمد عدنان،سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی ملک مظفرارشاد،چیئرمین انجمن کریانہ حاجی رانامحمد الطاف،صدرنان ایسوسی ایشن محمد یونس ودیگرپرائس کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنرنارووال نے اس موقع پرکہاکہ حکومت پنجاب کے احکاما ت کی روشنی میں عوام کو ریلیف دینے اور گراں فروشوں کو کنٹرول کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ فیلڈ میں پوری طرح متحرک ہے، سبزیوں ،پھلوں اور دیگر اشیاءکی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کیلئے سبزی منڈیوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ روزمرہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کے استحکام پر کڑی نگاہ رکھی جائے۔انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ سبزی و فروٹ کی ترسیل،کوالٹی پر کڑی نگاہ رکھیں اور کسی بھی آئٹم کی سپلائی میں کمی نہ ہو تاکہ سبزی جو ہر گھر کی ضرورت ہے ان کی قیمتیں مستحکم رہیں۔اجلاس میں تاجربرادری اورپرائس ممبران کی مشاورت سے روزمرہ اشیاء کی نئی قیمتوں کابھی تعین عمل میں لایاگیا۔