ملتان، 21 جولائی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی مہم میں غفلت پر زیرو ٹالرنس پالیسی لاگو کردی ہے۔ڈینگی مہم میں ناقص کارکردگی پر مختلف محکموں کے افسران کیخلاف صوبائی حکومت کو کارروائی کیلئے مراسلے بھی تحریر کردیے گئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا کہ ڈینگی لاروے کی تلفی کیلئے ہر حد تک جائیں گے کیونکہ بارشوں کے موسم میں ڈینگی لاروا کی افزائش کا خطرہ ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں ڈینگی ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے محکمہ صحت سمیت تمام محکمے اپنی ذمہ داری ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی مہم میں شریک ہر محکمے کا پرفامنس آڈٹ ہوگا۔