گاڑیوں کے ذریعے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے اور ان میں کمی لانے کے لیے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ مختلف پالیسی امورپر کام شروع کر رہا ہے: عامر لطیف

7

پشاور، ۲۱ جولائی (اے پی پی): سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ خیبرپختونخوا عامر لطیف نے کہا ہے کہ گاڑیوں کے ذریعے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے اور ان میں کمی لانے کے لیے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ مختلف پالیسی  امورپر کام شروع کر رہا ہے۔ فضا ئی آلودگی صرف پاکستان کا ہی نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے اور پوری دنیا اس کو کنٹرول کرنے کے لیے منصوبہ بندی اور کام کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ ذمہ دار شہری  ہونے کا مظاہرہ کرکے آلودگی پر قابو پانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اور انوائرنمنٹل سائنسز ڈیپارٹمنٹ یونیورسٹی آف پشاور کے اشتراک سے منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ میں انقلابی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور تاریخ میں پہلی بار گاڑیوں سے نکلنے والی آلودگی کو چیک کرنے کے لیے  قومی ماحولیاتی معیارات(NEQS) کو تبدیل کر کے عالمی معیار کے مطابق بنایاگیا ہے اور یہ تاریخی تبدیلی وفاق سے 1994میں ملنے والے کوالٹی سٹینڈرڈز میں کی گئی ہے  اور اس میں گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلی کا سبب بننے والی گیسوں کو پہلی دفعہ شامل کیا گیاہے اور پہلے سے موجود سٹینڈرڈز کو مزید سخت بنایا گیاہے انہوں نے کہا کہ پشاور اور صوبے کے دوسرے اضلاع میں گاڑیوں کو جانچنے کے لیے نو سٹیشن جن میں پشاور، مردان، سوات، ملاکنڈ،  ایبٹ آباد،  مانسہرہ، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان  شامل اور 14 موبائل لیبارٹریاں کام کر رہی ہیں گاڑیوں کا معائنہ بذریعہ مشین کیا جاتا ہے ان مشینوں کے ذریعے گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں کی کیفیت معلوم کی جاتی ہے  اگر گاڑی سے نکلنے والے دھوئیں  مقرر کردہ قومی ماحولیاتی معیار کے مطابق ہوں یا اس سے کم ہوں تو گاڑیوں کو پاس سرٹیفیکیٹ دیا جاتا ہے جس کی معیادچھ مہینے ہوتی ہے اگر گاڑی کی دھوئیں کی کیفیت مقرر کردہ قومی ماحولیاتی معیار سے زیادہ اور تجاوز کرتی ہو تو اُس کو جرمانہ کیا جاتا ہے اور کاغذات ضبط کئے جاتے ہیں جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے ویٹس ٹیم کے ماہر ٹیکنیشن گاڑیوں کے مالکان کو گاڑیوں کی خرابی اور اسے صحیح کرنے کے لیے ہدایات بھی دیتے ہیں اور گاڑی کے ٹھیک ہونے کے بعد اس کا دوبارہ معائنہ کیا جاتا ہے سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے انوائرنمنٹل سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے طلباؤطالبات کیلیے انٹرن شپ کا اعلان کیا جس کے تحت 10 سٹوڈنٹس کو 3 مہینے کیلیے محکمہ ٹرانسپورٹ انٹرن شپ کا موقع فراہم کریگاور اس دوران انٹرن شپ کرنے والوں کو 25 ہزار مہینہ وظیفہ بھی دیا جائیگا اس موقع پر انوائرنمنٹل سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد نفیس نے پشاور شہر میں گاڑیوں کے زریعے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی جبکہ لیکچرر ڈاکٹر شہلا نازنین نے ماحولیاتی آلودگی اور خیبر پختونخوا میں ماحولیاتی آلودگی کے لیے کی گئی قانون سازی اور ڈاکٹر خزب اللہ نے آلودگی کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے شرکاء کو لیکچرز دیئے۔