آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کا دورہ پاکپتن ، محرم الحرام اور عرس حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکرؒ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

5

پاکپتن،06 اگست (اے پی پی ):انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے  پاکپتن کا دورہ  کیا،محرم الحرام اور عرس حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکرؒ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔

ڈی پی او پاکپتن نصیب اللہ خان نے محرم سکیورٹی اور عرس کے حوالے سے انتظامات پر آئی جی پنجاب کو بریفنگ دی۔پاکپتن پولیس کے 1300 سے زائد افسران و اہلکار چوبیس گھنٹے سکیورٹی فرائض سر انجام دے رہے ہیں ۔دربار حضرت بابا فرید ؒ کی طرف آنے جانے تمام راستوں پر 160 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں سے براہ راست مانیٹرنگ جاری ہے۔

آئی جی پنجاب دربار بابا فرید ؒ بھی گئے اور ڈیوٹی پر تعینات افسران و اہلکاروں کی ورکنگ کا جائزہ لیا۔انہوں  نے دربار بابا فریدؒ پر قائم کنٹرول روم کا وزٹ کیا اور سی سی ٹی وی  کیمرہ جات کی مانیٹرنگ کا مشاہدہ لیا۔

آئی جی پنجاب نے دربار بابا فریدؒ پر ملک بھر سے آنے والے زائرین کی سہولیات کے لیے کیے گئے اقدامات کو چیک کیا۔انہوں  نے حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکرؒ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔

 دربار دورہ سے قبل آئی جی پنجاب نے ڈی پی او آفس پاکپتن میں اہم میٹنگ کی صدارت بھی کی۔میٹنگ میں آر پی او ساہیوال، ڈی پی او ساہیوال اور ڈی پی او اوکاڑہ سمیت ریجن کے دیگر افسران نے شرکت کی۔دوران میٹنگ ساہیوال ریجن میں محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

آئی جی پنجاب نے  یوم عاشور کے مرکزی جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے بھرپور اقدمات یقینی بنانے کی ہدایت کی  اور کہا  کہ وزارت داخلہ اور صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق عزاداروں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں ،حساس مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور فضائی نگرانی کو بھی یقینی بنایا جائے۔