اوکاڑہ؛ پولیو مہم22 اگست سے شروع ہو گی ، پولیو سے پاک پاکستان کیلئے ہم سب کو ذمہ داری سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دینا ہے؛ڈپٹی کمشنرزاہد پرویز وڑائچ

4

اوکاڑہ،06اگست(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنرزاہد پرویز وڑائچ نے کہاہے کہ 22 اگست سے شرو ع ہونے والی انسداد پولیو مہم میں محکمہ صحت کے افسران اور فیلڈ عملہ بھر پور اقدامات کریں، فیلڈ عملہ کی ٹریننگ کروائی جائے اور سو فیصد ٹارگٹ مکمل کیا جائے ،پاکستان میں پولیو کے مرض کا موجود ہونا لمحہ فکریہ ہے، پاکستا ن کو پولیو سے پاک کرنے کے لئے ہم سب کو ذمہ داری سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دینا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے 22 تاریخ سے شروع ہونیوالی  انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اختر حسین مہار نے 22 اگست تا 26 اگست 2022  تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے خدو خال اور محکمہ صحت کی جانب سے مرتب کئے گئے ایکشن پلان سے متعلق بریفنگ دی۔

 ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں کوئی کمی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے اور اس جذبہ سے ہمیں اس مہم کو سو فیصد مکمل کرنا ہے تاکہ ہم پولیو فری پاکستان کی منزل حاصل کر سکیں۔ انہوں نے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ خصوصی طور پر جمعہ کے خطبات میں لوگوں کو انسداد پولیو سے متعلق آگاہی دیں۔

ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا کہ عوام الناس اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھیں خصوصاً والدین اپنے 5سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ ان کے بچے پولیو جیسے مہلک مرض سے ہمیشہ کے لئے محفوظ رہ سکیں۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ملک راشد نعمت کھوکھر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹرسجاد گیلانی، فوکل پرسن محمد عامر سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسرا ن نے شرکت کی۔