بہاولنگر؛ محرم الحرام کا پہلا روایتی ماتمی جلوس سب تحصیل منڈی صادق گنج سے برآمد ، سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے

7

بہاولنگر، 5 اگست (اے پی پی): بہاولنگر ضلع میں محرم الحرام کا پہلا روایتی ماتمی جلوس آج 6 محرم الحرام کے روز سب تحصیل منڈی صادق گنج سے برآمد ہوا۔  مرکزی جلوس امام بارگاہ  سے برآمد ہوا، جو اپنے مقرر کردہ رستے  سے ہوتا ہوا امام بارگاہ منڈی صادق گنج پہنچ کر  اختتام پزیر ہوگیا، جلوس اور مجالس کی سکیورٹی کیلیے فل پروف انتظامات کئے گئے جلوس کے راستے  میں  آنے  والے تمام راستوں پر  خاردار تاریں اور قناتیں لگا کر بند کیا گیاتھا۔  جلوس میں شامل ہونے والے عزاداران  کی تلاشی کے بعد  ہی  جلوس میں شامل ہونے دیا گیا ۔

ڈی پی او بھاولنگر فیصل گلزار  اور ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم  کی ہدایات پر ڈی ایس پی سرکل منچن آباد محمد سلیم لاشاری جلوس کی خود نگرانی کرتے رہے ، جلوس کی سی سی ٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی گئی ۔ جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ پہنچ کر پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگیا۔