زرعی ترقی کیلئے چھوٹے ڈیم بنانے کی ضرورت ہے، بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو پاکستان خشک سالی کا شکار ہو سکتا ہے، شیری رحمن، ریاض حسین پیرزادہ

4

اسلام آباد۔15اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی  شیری رحمان  اور وفاقی وزیر انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ ملک میں زرعی ترقی کیلئے چھوٹے ڈیم بنانے کی ضرورت ہے، بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو آنے والے برسوں میں پاکستان خشک سالی کا شکار ہو سکتا ہے، ڈیموں کی تعمیر اور پانی کی بچت ناگزیر ہے۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو قومی اسمبلی میں موسمیاتی تبدیلی کے زراعت پر اثرات کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب  کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی  شیری رحمان نے کہا کہ ہمارے سسٹم میں پانی کم ہو گیا ہے،ہمیں اپنے منصوبوں کی ترجیحات بدلنا ہوں گی اور اپنے وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے چھوٹے ڈیم بنانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں بھی بڑے ڈیم بنانے کا رجحان کم اور چھوٹے ڈیم بنانے کا رجحان زیادہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو آنے والے سالوں میں  پاکستان خشک سالی کا شکار ہو سکتا ہے۔وفاقی وزیر انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ آبادی میں اضافہ کی وجہ سے زرعی زمین کا رہائشی مقاصد کیلئے استعمال  بڑھ گیا ہے ، ڈیموں کی تعمیر اور پانی کی بچت ناگزیر ہےاور اس سلسلے میں ہمیں ایک نیشنل پروگرام تشکیل دینا چاہئے جو ان مسائل کاٹھوس  حل پیش کر سکے۔ کانفرنس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے متعلقہ سیکرٹریز اور ماہرین نے بھی شرکت کی۔