سکھر؛ ڈی آئی جی جاوید سونھارو جسکانی کا 8 محرم الحرام پر روہڑی میں نکلنے والے ماتمی جلوس کے راستوں کا دورہ،سیکورٹی روم کا بھی جائزہ لیا

6

 سکھر،06اگست(اے پی پی): ڈی آئی جی جاوید سونھارو جسکانی نے 8 محرم الحرام پر روہڑی میں نکلنے والے ماتمی جلوس کے راستوں کا دورہ کیا اور سیکورٹی روم کا بھی جائزہ لیا۔

 ڈی آئی جی سکھر رینج کو اس موقع پر ایس ایس پی سنگھار ملک  نے روہڑی میں 8 محرم الحرام کی رات ہونے والی شمع گل اور امام بارگاہ شاہ عراق سے برآمد ہونے والے جلوس کے راستوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کہ ماتمی جلوس طویل ترین جلوس ہے جو 8 اور 9 کی درمیانی شب برآمد ہوکر یوم عاشور پر شہداء قبرستان پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

 ماتمی جلوس کے موقع پر سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں پولیس کی جانب سے جلوس کی جانب آنے والے تمام راستوں کو سیل کیا جائے گا اور صرف ایک داخلی اور ایک خارجی راستہ ہوگا اور زائرین سمیت تمام لوگوں کے گزرتے کے لئے تین لائینں بنائی جائیں گی۔ عزاداروں سمیت جلوس میں آنے والے تمام افراد کو جامعہ تلاشی کے بعد چھوڑا جائے گا، 50 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوس کے تمام راستوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی جس  کیلئے  خصوصی طور پر ایک مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، رینجرز کے جوان بھی پولیس کے ساتھ تعینات ہوں گے جبکہ پولیس اور رینجرز کے ماہر نشانہ باز جلوس کے راستے میں چھتوں پر تعینات ہوں گے، لیڈیز پولیس اور ٹریفک پولیس بھی موجود رہے گی جبکہ امن و امان کی فضاء کو بحال رکھنے کے لئے پاک فوج کی تین کمپنیاں اسٹینڈ بائی رہیں گی جن کی خدمات ضرورت پڑنے پر حاصل کی جا سکیں گی۔

 ڈی آئی جی سکھر رینج جاوید سونہارو جسکانی نے ایس پی سکھر سنگھار ملک کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کے تمام پولیس افسران کو ہدایات دی گئی ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضاء بحال رکھنے کے لئے مکمل طور پر الرٹ رہیں، فرائض میں غفلت اور کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔