سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے وفاقی حکومت اور اقوام متحدہ5ارب روپے مہیا کریں گے ، نوابزادہ شازین بگٹی

3

اسلام آباد۔19اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات نوابزادہ شازین بگٹی نے کہاہے کہ سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے وفاقی حکومت اور اقوام متحدہ فوری طور پر5ارب روپے سے زائد مہیا کریں گے ، بلوچستان میں اب تک طوفانی بارشوں اور سیلاب سے 5 سو سے زیادہ  افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ،سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کیلئے ایک جامع پلان تیار کیا جارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے جمعہ کو اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس سے ملاقات میں ۔وفاقی وزیر نے اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر کو پاکستان کے مختلف علاقوں خصوصاً بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہاکہ سیلاب سے ہزاروں افراد بے گھر اور ان کی املاک تباہ ہو چکی ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیرنے اقوام متحدہ کی سیلاب زدگان کی امداد کیلئے کوششوں کی تعریف کی اورکہا کہ بلوچستان کے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے ہمہ وقت موجود رہیں گے ، وفاقی حکومت بہت جلد سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگا کر عالمی اداروں کے تعاون سے امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرے گی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ اقوام متحدہ 6 ملین ڈالر کی فوری امداد کا بندوبست کر رہی ہے ، یہ امداد بلوچستان میں خوراک اور ادویات اور دیگر متعدی بیماریوں سے بچائو کیلئے استعمال ہوگی جبکہ اقوام متحدہ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کو مزید ٹیکنیکل سپورٹ بھی فراہم کرے گی اس کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر ممالک سے مزید امداد کے لئے اقوام متحدہ مزید تعاون کرے گی ۔شازین بگٹی نے کہاکہ سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے وفاقی حکومت اور اقوام متحدہ فوری طور پر 5 ارب سے زائد مہیا کریں گے جبکہ عالمی ادارہ صحت کو بھی ایک ملین ڈالر فوری دیے جا رہے ہیں اسی طرح مویشیوں کی ویکسینیشن کا بندوبست بھی کیا جارہاہے ۔