ضلعی انتظامیہ اور بزنس کمیونٹی نے شہر کی ترقی کیلئے مشترکہ ورکنگ کا فیصلہ کیا ہے؛ ڈپٹی کمشنرملتان طاہر وٹو

4

ملتان،06اگست (اےپی پی ):ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور بزنس کمیونٹی نے شہر کی ترقی کیلئے مشترکہ ورکنگ کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں انفراسٹرکچر و ڈویلپمنٹ کیلئے چیمبر آف کامرس کی بھرپور معاونت حاصل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےچیمبر آف کامرس کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود بھی موجود تھے جبکہ صدر چیمبر آف کامرس خواجہ محمد حسین نے استقبالیہ پیش کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے تاجر کمیونٹی کو ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ بھی دی۔

ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں ترقی کا انحصار بزنس کمیونٹی پر ہے جدید طرز کا بزنس سنٹر آف ایکسیلنس کے قیام عمل میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر منصوبے جاری ہیں جبکہ تجاوزات،صفائی اور سیوریج مسائل کے حل کیلئے جامع پالیسی پر گامزن ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پبلک فیڈ بیک کیلئے آن لائن کمپلینٹ سسٹم متعارف کرائیں گے تاکہ شہریوں کو ریلیف دیا جاسکے۔تاجر برادری کے تعاون سے قلعہ کہنہ پر کرافٹ بازار کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا جس سے بزنس کمیونٹی کی مصنوعات کو دنیا بھر میں متعارف کرایا جاسکے گا۔ایک سوال کے جواب میں ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا کہ ایکسپورٹ ڈسپلے سنٹر کیلئے حکومت پنجاب کو سمری بھیجی جائے گی۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات سے بزنس کمیونٹی کو آگاہ کیا۔