ملتان؛سی ای او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی امیرحسن کا امام بارگاہوں اور جلوسوں کی گزرگاہوں پر صفائی کا جائزہ

1

ملتان، 6اگست(اے پی پی): ضلعی انتظامیہ کے افسران محرم الحرام کے سلسلے میں منظم انتظامات کے لئے متحرک ہیں۔ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو و سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی امیرحسن نے شہر کا دورہ کیا اور امام بارگاہوں اور جلوسوں کی گزرگاہوں پر صفائی کا جائزہ لیا۔منیجر ااپریشنز انوارالحق بھی ان کے ہمراہ تھے۔

سی ای او امیرحسن نےجلوسوں اور مجالس کے منتظمین سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی  محرم الحرام کے حوالے سے جامع صفائی پلان پر عمل پیرا ہے اور فیلڈ فورس اور کمپنی  ورکشاپ کے سٹاف کی اتوار،9 اور10محرم کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

امیرحسن نے بتایا کہ جلوسوں اور مجالس کو مدنظر رکھتے ہوئے ورکرز دو شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں اور محرم روٹس اور امام بارگاہوں کے باہر پانی کا چھڑکاؤ اور لائم لائننگ کی جارہی ہےجبکہ مجالس کے دوران ماحول خوشگوار رکھنے کے لئے امام بارگاہوں کی صفائی کے لئے فینائل  استعمال کیاجارہا ہے۔

سی ای او نے بتایا کہ کمپنی ورکرز  دلجمعی کے ساتھ روزانہ رات گئے تک خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور  یوم عاشور تک اسی لیول کے مطابق انتظامات جاری رہیں گے۔

 اس موقع پر جلوسوں اور مجالس کے منتظمین کی جانب سے کمپنی انتظامیہ اور ورکرز کو خراج تحسین کیا گیا اور کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر صفائی کے بھرپور انتظامات کئے جارہے ہیں۔منتظمین نے مثالی انتظامات پر ڈپٹی کمشنر محمدطاہر وٹو اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

اے پی پی/کاشف/قرۃالعین