موٹروے پولیس کیجانب سے راوی ٹول پلازہ پر پرچم کشائی کی تقریب، ڈی آئی جی موٹروے پولیس محبوب اسلم نے پرچم کشائی کی اور سلامی دی

4

لاہور،14اگست  (اے پی پی):نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس، روڈ ماسٹر ٹرانسپورٹ کمپنی اور المرہ فانڈیشن  کے تعاون سے 75ویں یوم آزادی اور ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر راوی ٹول پلازہ پر پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد ہوا ۔پرچم کشائی کی تقریب میں موٹروے پولیس کے ڈی آئی جی محبوب اسلم ،روڈ ماسٹر ٹرانسپورٹ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر فیصل جاوید شیخ ،اور المرہ فاونڈیشن کی نمائندہ صوفیا وڑائچ نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے موٹر وے پولیس کے ڈی آئی جی محبوب اسلم نے قوم کو75ویں یوم آزادی اور ڈائمنڈ جوبلی کی مبارکباد دی۔ محبوب اسلم نے کہا کہ ہمارے آبائو اجداد اور اسلاف نے لازوال قربانیوں اور تاریخی جدوجہد کے ذریعے پاکستان حاصل کیا،ہم سب کو مل کر ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا اپنا کردارادا کرنا ہو گا۔  انہوں نے کہا کہ قوم کے ان عظیم سپوتوں کو جنہوں نے آزاد وطن کے حصول کے لئے جانیں قربان کیں یہ دن ان لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ،یہ آزاد وطن ہمارے لئے عطیہ خداوندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹر وے پولیس روڈز اور موٹروے پر مسافروں کی آمدو رفت کیلئے تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے ۔

قبل ازیں ڈی آئی جی موٹروے پولیس محبوب اسلم نے پرچم کشائی کی اور سلامی دی۔ اس موقع پر نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس اور روڈ ماسٹر ٹرانسپورٹ کمپنی کے درمیان مسافروں کیلئے سروسز اور سیفٹی ایجوکیشن کے حوالے سے ایک معاہدہ بھی کیا گیا ۔آخر میں ڈی آئی جی موٹروے پولیس محبوب اسلم نے شرکا میں تحائف بھی تقسیم کیے۔