پاکستان قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں اٹلی کے تعاون میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے؛وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستان میں اٹلی کے سفیر اینڈریس فراریز سے گفتگو

2

اسلام آباد،10اگست  (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں اٹلی سے تعاون میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار  وزیراعظم شہباز شریف نے   پاکستان میں اٹلی کے سفیر اینڈریس فراریز  سے گفتگو میں کیا ، جنہوں نے   بدھ  کو یہاں  وزیراعظم شہباز شریف سے  ملاقات  کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے دوطرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں اٹلی کو پاکستان کا قریبی دوست اور قابل اعتماد شراکت دار قرار دیا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اٹلی تعلقات بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امور کے بارے میں یکسانیت کی نشاندہی کرتے ہیں۔ یورپی یونین کی ترجیح تجارتی سکیم جی ایس پی پلس کے تناظر میں اٹلی کی حمایت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبہ میں تعلقات کو بڑھانے کیلئے موجودہ صلاحیت کو مزید بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں اٹلی سے تعاون میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے جس میں اٹلی نے نمایاں پیشرفت کی ہے۔ وزیراعظم نے افغانستان کی صورتحال کے تناظر میں بین الاقوامی برادری کے ساتھ خاص طور پر گزشتہ سال اگست سے جاری پاکستان کے بے پناہ تعاون پر بھی روشنی ڈالی۔

اٹلی کے سفیر نے وزیراعظم کی جانب سے استقبال پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور اٹلی کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید بڑھانے اور متنوع بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔