کامن ویلتھ گیمز؛شجر عباس نے 200 میٹر ریس کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

10

برمنگھم،4اگست  (اے پی پی):پاکستان کے ایتھلیٹ شجر عباس نے کامن ویلتھ گیمز 2022ء میں مینز 200 میٹر کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے، انہوں نے فاصلہ 21.12  سیکنڈز میں طے کیا۔شجر عباس مینز 200 میٹر کے سیمی فائنل مرحلے میں   جمعہ کو میدان میں اتریں گے۔

سات سپرنٹرز کے درمیان چوتھی لین میں کھڑے شجرعباس دوڑ سے قبل مکمل پراعتماد دکھائی دیئے اور سیمی فائنل میں کوالیفائی کے لئے ٹاپ پر رہے۔ 22 سالہ ایتھلیٹ حال ہی میں ایران میں منعقدہ امام رضا کپ اور قزاخستان میں ورلڈ کانٹینینٹل چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کر چکے ہیں۔

 شجر عباس کامن ویلتھ گیمز کے مینز 100 میٹر ریس کے کوالیفائنگ رائونڈ میں کامیابی حاصل نہ کر سکے تاہم وہ اپنا نیا قومی ریکارڈ بہتر کرنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے 100 میٹر ریس میں 10.38 سیکنڈز میں ریس مکمل کی۔