کمشنرگوجرانوالہ منصور قادر کا دورہ نارووال، محرم الحرام کے حوالے سے ضلعی امن کمیٹی  کے اجلاس کی  صدارت کی

3

نارووال،06 اگست (اے پی پی): کمشنرگوجرانوالہ منصور قادرنے نارووال کا دورہ  کیا، جہاں  انہوں  نے  محرم الحرام کے حوالے سے ضلعی  امن کمیٹی  کے اجلاس کی  صدارت کی ۔

ڈپٹی کمشنر شاہد فرید نے ممبران امن کمیٹی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امن وامان کاقیام حکومت وقت کی اولین ترجیح ہے،امن وامان کے بغیرکامیاب ریاست کاوجود ممکن ہی نہیں،اس حوالے سے علمائے کرام کا کردار قابل تحسین ہے جسے کسی صورت فراموش نہیں کیاجاسکتا۔علمائےکی طرف سے منبرومحراب کے ذریعے دیگرمسائل کے ساتھ ساتھ بالخصوص پیار محبت ویگانت اور امن وامان کے پیغام کوعام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

شاہد فرید نے کہاکہ محرم الحرام اسلامی تاریخ کاایک مقدس مہینہ ہے جوکہ ہمیں پیارمحبت،رواداری اور یگانت کادرس دیتاہے اور اس کا عملی نمونہ شہدائے کربلا کی قربانیوں سے ملتا ہے لہذاہمیں اپنے اسلاف کی تعلیمات اوران کے نقش قدم پرچلنا ہوگا اسی میں ہم سب کی کامیابی ہے۔

ڈپٹی کمشنر شاہد فرید نے  کہا کہ شرانگیزی فتنہ فساد برپاکرنے والے محب وطن نہیں بلکہ یہ ملک وقوم  کے دشمن ہیں جو کسی صورت امن وامان کے وجود کوبرداشت نہیں کرسکتے لہذاایسے افراد پرکڑی نظررکھناہو گی اوراس حوالے سے قانون نافذکرنے والے ادارے ایسے افراد پرپوری نظررکھے ہوئے ہیں۔

 اجلاس میں ممبرشیخ ثائرعلی،قاضی محمد یعقوب رضوی،ڈاکٹرمحمدطارق اپل ودیگرنے اس موقع پر کمشنرگوجرانوالہ کو اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ ہم ضلع نارووال کے باسی ہیں، اس کاامن ہمیں عزیز ہے اور امن عامہ کو قائم رکھنے کی بابت ہم انتظامیہ کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں پر تمام مکاتب فکرکے علمائے کرام ایک پلیٹ فارم پر ہیں ہماری خوشیاں اور غم سانجھی ہیں ۔

انہوں نے یقین دلایاکہ نارووال ایک پرامن ضلع تھا ہے اور رہے گا انشاءاللہ اور امن کے لحاظ سے اس کا شمار پنجاب کے بہترین اضلاع میں ہوتاہے۔انہوں نے یقین دلایاکہ اس کے باوجودڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے حوالے سے حکومت کی طرف سے مرتب کردہ ضابطہ اخلاق کی پاسداری کوہرصورت یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس کے اختتام پرکمشنر منصور قادر نےشرکاء اجلاس کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں ایام عاشوراور محرم الحرام کو پرامن طریقے سے منانے کےلئے ہر ممکن حفاظتی اقدامات کئے جا رہے ہیں،پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے اس ضمن میں مکمل طور پر فوک پروف سیکورٹی پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے، مجالس اور جلوسوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جائیگی جوضلعی کنٹرول روم سے منسلک ہونگے اور کنٹرول رومز کے ذریعے جلوسوں کی ہر زاویے سے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائیگا۔

کمشنر   منصور قادر نے ڈپٹی کمشنر نارووال شاہد فرید اور اسسٹنٹ کمشنر نارووال سلمان احمد لون کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایمرجنسی وارڈ سمیت ڈائلسز یونٹ اور او پی ڈی کا معائنہ بھی کیا ۔ اس  دوران کمشنر   کی جانب سے مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی بارے پوچھا گیا جس پر مریضوں کی جانب سے ڈی ایچ کیو کے ایم ایس ڈاکٹر فراز نور اور انکی ٹیم کی جانب سے ہسپتال کے بہترین انتظامات پر اطمنان کا اظہار کیا۔

کمشنر نے نارووال پبلک سکول کا دورہ بھی   کیا۔نارووال پبلک سکول کے پرنسپل پروفیسر محفوظ الرحمن   کی جانب سے کمشنر   کو سکول میں قائم کی جانے والے لائبریری کا دورہ کروایا ۔لائبریری کے ایک حصےمیں پینٹنگ گیلری بنائی گئی ہے جہاں سکول ھذا کے بچوں کے ہاتھ سے بنائی ہوئی پینٹنگز آویزاں تھیں۔کمشنر کی جانب سے سکول کے بچوں کے اس کام کی تعریف کی گئی اور پرنسپل نارووال پبلک سکول کی ادارے کے لئے خدمات کو سراہا اور اسی ولولے سے کام جاری رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔