آئینی ادارہ نے عمران خان کو چور ڈکلیئر کر دیا ہے، عمران خان کو قوم سے معافی مانگ کر مستعفی ہو جانا چاہئے؛  وفاقی وزراء رانا ثناء اﷲ اور اعظم نذیر تارڑ  

13

اسلام آباد،2اگست  (اے پی پی):وفاقی وزراء رانا ثناء اﷲ اور اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے کروڑوں روپے کے فنڈز لے کر اپنی سیاست چمکائی، الیکشن کمیشن کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد عمران خان کو قوم سے معافی مانگ کر مستعفی ہونا چاہئے، آج ایک آئینی ادارہ نے عمران خان کو چور ڈکلیئر کر دیا ہے، انہوں نے خیرات کا پیسہ سیاست کیلئے استعمال کیا، ہر سیاسی پارٹی کو الیکشن کمیشن کو اخراجات، آمدن اور ذرائع بتانے ہوتے ہیں، پی ٹی آئی نے اپنے اکائونٹس سے لاتعلقی کا اظہار کیا، عمران خان کا منی ٹریل ان کے بیانیہ کے خلاف ہے۔

  ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ اور وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ آج ایک آئینی ادارہ نے عمران خان کو چور ڈکلیئر کر دیا ہے، پی ٹی آئی کے سربراہ نے خیرات کا پیسہ سیاست کیلئے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے آج جو فیصلہ آیا ہے عمران خان کو قوم سے معافی مانگ کر مستعفی ہونا چاہئے۔

 اس موقع پر وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہر سیاسی پارٹی کو الیکشن کمیشن کو اخراجات، آمدن اور ذرائع بتانا ہوتے ہیں، پی ٹی آئی نے اپنے اکائونٹس سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، پی ٹی آئی کے سربراہ کی منی ٹریل ان کے بیانیہ کے خلاف ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے آرمی ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران اور عملہ کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز جب ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوا تھا تو پوری قوم اپنے فوجی بھائیوں کی سلامتی کیلئے دعاگو تھی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی ابھی اطلاع موصول ہوئی ہے کہ لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر میں سوار پاک فوج کے افسران اور عملہ شہید ہو چکا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ شہدا کے خاندانوں کو صبر جمیل عطاء فرمائے اور یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور توفیق دے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ قرآن پاک میں ملک کیلئے جان دینے والوں کے حوالہ سے اﷲ تعالیٰ کا واضح حکم ہے کہ ان کو مردہ نہ کہو بلکہ وہ زندہ ہیں لیکن تم اس کا شعور نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صدمہ ہم سب کیلئے ناقابل برداشت ہے۔

وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ ہمارے شہیدوں اور قوم کے بہادر بیٹوں کی قربانیوں کے صدقے ہمارے لئے آسانیاں پیدا کرے، بلوچستان سمیت ملک میں سیلاب میں گھرے لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرے۔ انہوں نے ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعا بھی کی۔