اسلام آباد،3اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے سٹاک مارکیٹ میں بہتری آئی ہے اور روپیہ مستحکم ہونے لگا ہے۔
بدھ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے مشکل صورتحال کے اندر اس ملک کو سنبھالا، پٹرول کی قیمت میں ایک مہینے میں 100 روپے کا اضافہ کسی سیاسی حکومت کیلئے آسان نہیں ہوتا لیکن ہم نے اپنی قومی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے اپنی سیاسی مقبولیت کی قیمت پر وہ فیصلہ کیا جو پاکستان کی معیشت کو بچانے کیلئے ناگزیر تھا۔انہوں نے کہا کہ یکم اپریل کو وزرات خزانہ نے مالی سال کی آخری سہ ماہی میں ترقیاتی بجٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا، یکم اپریل کو پاکستان کا خزانہ خالی ہو چکا تھا، ہماری حکومت 12 اپریل کو آئی ہے اور ہم چاہتے تو ایک مہینے میں الیکشن میں جا سکتے تھےلیکن اگر ہم انتخابات کی طرف جاتے تو چار مہینے تک پاکستان میں بے یقینی کی صورتحال ہوتی، پاکستان کی معاشی حالت درست نہ ہو سکتی، عمران خان نے معیشت کی جو حالت کی اس کو درست کرنا ممکن نہیں تھا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے سیاسی مقبولیت کو داؤ پر لگایا اور پاکستان کی معیشت کو بچایا، ہم نے سیاست میں بال سفید کئے ہیں اور ہمیں پتہ ہے کہ عوام کیسے خوش ہوتی ہے، اب پاکستان معاشی بحالی کے سفر پر گامزن ہے۔مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں نے مل کر ملک کو معاشی بحران سے نکالا ہے، ہم نے جب سے حکومت سنبھالی ہے ہم ملک کی معیشت کو بہتر کر رہے ہیں، ہماری ترجیح عوام کی فلاح ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پوری ٹیم کی محنت سے ملک معاشی بحالی کی طرف گامزن ہے، ہم نے اپنی کچھ سیٹوں کی قربانی دی لیکن 22 کروڑ لوگوں کا مستقبل بچایا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے فوجی افسران اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، ہماری افواج نے ہمیشہ مشکل وقت میں عوام کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 4 سالوں میں تمام منصوبوں کو التوا میں رکھا گیا، اسلام آباد میٹرو بس کو 4 سالوں میں نہیں چلایا گیا، پی ٹی آئی حکومت کے پاس کوئی اقتصادی منصوبہ بندی نہیں تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے پر تمام کارروائی آئین اور قانون کے مطابق ہوگی، ہم کوئی بھی انتقامی کارروائی نہیں کریں گے، الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔











