اوکاڑہ؛نجی ہسپتال میں بجلی کے شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی،35 افراد کوریسکیو کر لیا گیا

7

اوکاڑہ،07 اگست(اےپی پی): اوکاڑہ شہر کے مشہور ومعروف قاری ہسپتال میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے رات کے پچھلے پہر اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہسپتال میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالا اور آگ پر قابو پا لیا۔

 ریسکیو 1122 اوکاڑہ کنٹرول روم کو رات 03:29 بجے کال موصول ہوئی کہ قاری ہسپتال میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی ہے اور عورتیں، بچے، اور بزرگ ہسپتال کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اوکاڑہ سے 04 ایمبولینسز، 03 فائر وہیکلز اور 01 ریسکیو وہیکل فوری جائے  حادثہ پر پہنچ گئی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ریسکیو ٹیموں نے ہسپتال میں پھنسے 35 افراد کو بحفاظت نکالا اور 23افراد(عورتیں18، نومولود بچے 03، مرد02) کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈی ایچ کیو سٹی، ڈی ایچ کیو ساؤتھ سٹی، عبد الحمید سرجیکل ہسپتال اوکاڑہ میں منتقل کر دیا اور آگ پر قابو پا لیا ہے۔