اوکاڑہ ،24اگست (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے سوک سروسز کی فراہمی میونسپل کمیٹی کی بنیادی ذمہ داری ہے، شہر میں صفائی،سیوریج سسٹم کی بحالی اور اس کو چالو رکھنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، عام شہریوں کی سہولت اور آسانی ہر سرکاری محکمے کا مطمع نظر ہونا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں میونسپل کمیٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈمنسٹر یٹر / ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حسنین خالد سنپال،سی ای او میونسپل کمیٹی عمر نسیم نے ادارہ کی کار کردگی،مستقبل کے منصوبہ جات،شہر کی صفائی ستھرائی کے پلان،پرانی سیوریج لائنوں کی بحالی مرمت اور ڈسپوذل کو چالو رکھنے کے انتظامات، بارش کی صورت میں نکاسی آب کے ہنگامی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیانے ہدایت کی کہ میونسپل کمیٹی ہفتہ صفائی منانے کے لئے اقدامات کرے، صفائی مہم میں تمام سرکاری اداروں،غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ ساتھ انسداد ڈینگی اقدامات سے متعلق آگاہی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے ایڈمنسٹر یٹر / ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حسنین خالد سنپال،سی ای او میونسپل کمیٹی عمر نسیم کو ہدایت کی کہ میونسپل کمیٹی کی حدود میں زیادہ سے زیادہ شجر کاری اور پہلے سے لگائے گئے پودوں کی دیکھ بھال کی جائے، شہر کے چوراہوں داخلی و خارجی پوائنٹس پر پھولدار پودے لگائے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیانے کہا کہ برسات کے ان دنوں میں نکاسی آب خصوصاََ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی ازحد ضروری ہے، میونسپل کمیٹی کی کار کردگی اسی صورت بہتر مانی جائے گی جب لوگ ان کی کار کردگی پر اطمینان کا اظہار کریں گے، وسائل کی کمی کی کسی سطح پر بھی لوگوں کی خدمت کے معاملہ میں رکاوٹ نہ بنیں جو وسائل دستیاب ہیں ان کو اوکاڑہ کی عوام کے لئے متحرک کیا جائے۔