این ڈی ایم اے ملک میں حالیہ سیلاب کے پیش نظر مزید ناخوشگوار واقعات سے بچنے کے لئے ایس او پیز تیارکرے؛ پروفیسر احسن اقبال

16

اسلام آباد،30اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے ملک میں حالیہ سیلاب کے پیش نظر مزید ناخوشگوار واقعات سے بچنے کے لئے منگل کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو صوبائی ڈیزاسٹر کے ساتھ مل کر ایک جامع ایس او پیز تیار کرنے کی ہدایت کی ہے  تاکہ مزید جانی اور مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے یہ ہدایات فلڈ ریلیف کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں این ڈی ایم اے کے حکام نے وفاقی وزیر کو ملک میں سیلاب کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔بریفنگ کے دوران این ڈی ایم اے نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں شدید بارش ریکارڈ  کی گئی جبکہ اوکاڑہ، ساہیوال اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔

 اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب سے مجموعی طور پر 75 افراد جاں بحق ہوئے جن میں سندھ میں 53، کے پی میں 16، جی بی میں 5 اور بلوچستان میں دو افراد شامل ہیں۔

 وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ہر متاثرہ ضلع کے نقشے تیار کریں تاکہ متاثرین جو کھلے آسمان تلے زندگی گزار رہے ہیں ان کی   تعداد کا اندازہ لگایا جا سکے اور ان کی مدد میں آسانی ہوسکے۔بریفنگ کے دوران فاقی وزیر نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں صحت کی تازہ ترین صورتحال پر صوبوں کے ساتھ فوری طور پر آج ہی اجلاس کریں اور پھر بدھ کو ہونے والی کمیٹی کے اجلاس میں تفصیلی بریفنگ  بھی دیں۔

اجلاس  میں   صحت کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر یہ معلوم کریں کہ متاثرہ لوگوں کو طبی امداد اور صحت کا تحفظ فراہم کرنے کے لئے اب تک کیا اقدامات کئے گئے ہیں، خاص طور پر سیلاب کے پانی سے ہونے والی بیماریوں جن سے خواتین اور بچے متاثرہ  ہوئے ہیں۔