کوئٹہ، 5 اگست (اے پی پی ): بلوچستان کے ممتاز سماجی رہنماءمیر بہرام خان لہڑی نے کہا ہے کہ یوم استحصال کشمیر ایک یاد دہانی ہے جس سے عالمی برادری کو کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کرنے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی طرف متوجہ کیا جا رہا ہے آج بلوچستان بھر میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ اس بات کا عکاس ہے کہ بلوچستان کا ہر فرد کشمیری عوام کے ساتھ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔میر بہرام خان لہڑی نے کہا کہ کشمیری جماعتوں اور کشمیریوں نے بھارتی فاشسٹ حکومت کی غیر قانونی، غیر آئینی اور یکطرفہ چالوں کو مسترد کردیا ہے اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے بھی اسکو مسترد کردیا ہے انہوں نے کہا کہ ان زمینی حقائق کے باوجود مصلحت کی شکار عالمی طاقتوں نے کشمیریوں کی حالت زار سے آنکھیں بند کر رکھی ہیں جو باعث افسوس امر ہے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہمارے دلوں میں ہیں ہم بھارتی کالے قوانین کو مسترد کرتے ہیں جس سے کشمیری عوام کی حیثیت کو ختم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔