بہاولنگر؛ پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن،178بوتل ولائتی شراب برآمد، ملزم گرفتار

12

بہاولنگر، 25 اگست ( اے پی پی ):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرفیصل گلزار کی ہدایت پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ایس ڈی پی او صدرسرکل مہر ندیم افضال کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ سٹی اے ڈویژن بہاولنگر سیف اللہ حنیف نے پولیس ٹیم کے ہمراہ پل فورڈواہ پر کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ولائتی شراب کی کھیپ پکڑ لی۔دوران ناکہ بندی ولائتی شراب سمگلنگ کرنے والے ملزم عامر مسیح ولد حنیف مسیح قوم مسیح سکنہ داروغہ والا کوگرفتار کرکے ملزم کے قبضہ سے 178ولائتی شراب کی بوتلیں برآمد کیں۔ملزم کے زیر استعمال کار ہنڈا سٹی بھی حراست میں لی گئی ہے ۔ ملزم کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ کا اندراج کرکے تفتیش کا عمل جاری ہے۔

اس حوالے  سے  ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل گلزار نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔منشیات ایک لعنت ہے جوہماری نوجوان نسل کو تباہ کررہی ہے۔انہوں نے کہا  کہ عوام الناس کا بھی فرض ہے کہ وہ منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی کرکے پولیس کا ساتھ دیں تاکہ ایک اچھے معاشرے کی بنیاد رکھی جاسکے۔