ملتان، 07 اگست (اے پی پی ): مرکزی امیر دعوت ذکروفکرپاکستان حضرت خواجہ محمد یوسف نقشبندی مجددی نے کہا ہے کہ حضرت امام عالی مقام ؑ نے میدان کربلامیں شہادتوں کا نذرانہ پیش کرکے ہمیں اور ہماری آنے والی نسلوں کو یہ درس دیدیا کہ اسلام کی سربلندی اور اس کی بقاء کی خاطر اگر اللہ کی راہ میں اپنی،اپنے بچوں کی،اپنے مال کی یا کسی بھی چیز کی قربانی دینی پڑجائے تو اس میں ذرا بھی نہ ہچکچانا اور راہ اللہ میں سب کچھ قربان کردینا مگریزید جیسے فاسق وفاجر اور ظالم حکمران کے آگے سرنہ جھکانہ جو اللہ اور اسکے رسول ﷺ کے احکامات کی پاسداری نہ کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سالانہ محفل بسلسلہ شہادت حضرت امام حسین ؑ دعوت ذکروفکر ڈیرہ اللہ ھو والا نیو ملتان میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ محمد یوسف نقشبندی مجددی نے کہا کہ حضرت امام عالی مقام ؑنے فرما دیا کہ چاہے دشمن سر پر موجود ہو اور قریب ہو کہ وہ قتل کردیگا لیکن اس وقت اگر نماز کا وقت ہو جائے تو اپنی جان کی پروہ کئے بغیر خداکی بارگاہ میں سجدہ زیر ہوجاؤ کہ ہم نے اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہےکیونکہ نماز مومن کی معراج ہے، جب بندہ مومن سجدہ میں سررکھتاہے تو اللہ تعالیٰ اپنے اور اسکے درمیان حجاب ہٹا کر اپنے دیدار سے نوازاتا ہے اور بندہ مومن دیدار الٰہی میں ایسا کھو جاتا ہے کہ دنیا ومافیا سے بے نیاز ہوجاتاہے۔
خواجہ محمد یوسف نقشبندی مجددی نے کہا کہ آجکل ہماری حالت ہے کہ امن اور سکون کی زندگی گزارنے اور اللہ تعالیٰ کی بے بہاہ نعمتیں کھانے،پینے اور استعمال کرنیکے باوجود بھی نماز سے غافل ہیں،نماز فرض عین ہے اسکی پنجگانہ ادائیگی ہر مسلمان مرد،عورت اور بچوں پر فرض ہے،ہمیں چاہیے کہ نماز کی پابندی کریں تاکہ ہمارے بچے بھی ہمیں دیکھ کر نمازی بنیں اور ہمارے دل کی اضطرابیت ختم ہو، ہمیں دنیا میں سکون وراحت نصیب ہو اور قبر وحشر میں بھی سُرخروئی حاصل ہو اور قیامت کے دن شرمندگی سے بچ جائیں اسی میں ہماری کامیابی ہے۔