حکومت نے پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی، غربت میں کمی، معیار زندگی میں بہتری اور برآمدات کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں، سید نوید قمر

4

اسلام آباد۔19اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ پاکستان کی اولین ترجیح ہے، حکومت نے پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی، غربت میں کمی، معیار زندگی میں بہتری اور برآمدات کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ جمعہ کو وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے تجارت کے شعبہ کی ترقی اور برآمدات میں اضافہ کیلئے وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تحت ایک جامع قومی ترجیحی شعبوں کی برآمدی حکمت عملی کے پروگرام کا آغاز کیا۔ تھیٹن، پانچ سالہ (2023ـ2027) تجارت کے شعبہ کی ترقی کی حکمت عملی سرکاری اور نجی شعبے کے متعلقہ فریقین کے درمیان مشاورتی عمل کا نتیجہ ہے اور یہ پاکستان کے سٹرٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک کا ایک لازمی حصہ ہے اور اس کا مقصد پاکستان کی معیشت کو مضبوط اور متنوع بنانا، مزید ملازمتیں، اعلیٰ سرمایہ کاری کے مواقع اور برآمدات کیلئے بہتر مسابقت پیدا کرنا ہے۔ انٹرنیشنل ٹریڈ سنٹر نے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر حکومت برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اور ڈویلپمنٹ آفس کی مالی معاونت کے ساتھ، ریونیو موبلائزیشن، انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ پروگرام کے ذریعے قومی ترجیحی شعبوں کی ترقی میں مدد کی ہے۔ انجینئرنگ کے سامان، چمڑے، پراسیس شدہ خوراک اور مشروبات، پھل اور سبزیاں، گوشت اور پولٹری، فارماسیوٹیکل، سافٹ ویئر کی ترقی اور خدمات، کاروباری عمل آؤٹ سورسنگ، لاجسٹکس اور ادارہ جاتی ہم آہنگی حکمت عملی میں ترجیحی شعبے ہیں جن میں برآمدات کے فروغ کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ نجی شعبے کو ڈرائیونگ سیٹ پر برقرار رکھنے کے لئے نیشنل ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکٹر ایڈوائزری کونسلز کے ساتھ ساتھ ایس ٹی پی ایف کوآرڈینیشن یونٹ بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سیّد نوید قمرنے کہا کہ برآمدات پاکستان کی اولین ترجیح ہے، حکومت پاکستان نے پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی، غربت میں کمی اور معیار زندگی میں بہتری کے حصول کے لئے برآمدات کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکمت عملی حکومت پاکستان کے مقاصد اور پالیسیوں کے مطابق ہے۔ ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر اینڈریو ڈ یلگلیش نے کہا کہ فارن کامن ویلتھ ڈویلپمنٹ آفس ریونیو موبلائزیشن، انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ پروگرام جیسے پروگراموں کی حمایت کرنے پر فخر ہے جو تجارتی پالیسی کی تشکیل کے لئے ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط کرنے اور تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے پاکستان کی مدد پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ قومی ترجیحی شعبوں کی برآمدی حکمت عملی پاکستان کو اپنی تیزی سے بڑھتی ہوئی نوجوان آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے، اپنی برآمدات کی بنیاد کو وسیع کرنے اور عالمی ویلیو چینز میں بہتر طور پر مربوط ہونے میں مدد کرے گی۔ چیف ٹریڈ فیسیلیٹیشن اینڈ پالیسی فار بزنس، انٹرنیشنل ٹریڈ سنٹرڈاکٹر محمد سعید  نے کہاکے معیار اور جدت سے چلنے والی حکمت عملی اور اس کے ساتھ کام کرنے والا منصوبہ ترجیحی شعبوں میں پاکستانی مصنوعات کی بین   الاقوامی موجودگی کو مضبوط کرے گا۔