ملتان، 24اگست (اے پی پی): شعبہ نفسیاتی امراض اور ڈیپارٹمنٹ آف میڈیکل ایجوکیشن نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام سٹریس مینجنمٹ کے موضوع پر کلینیکل سیشن کا انعقاد گزشتہ روز حیات ظفر آڈیٹوریم نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں ہوا جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد تھے۔ سیشن میں رجسٹرار نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد عثمان، ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن نشتر یونیورسٹی ڈاکٹر راشد قمر راؤ ، انچارج شعبہ نفسیاتی امراض ڈاکٹر نعیم اللّہ لغاری، پروفیسر ڈاکٹر اعظم خان، ڈاکٹر ذیشان یو ایس اے سمیت دیگر فیکلٹی ممبران اور ڈاکٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
مقررین نے ذہنی تناؤ کی وجوہات، تدارک اور علاج کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور شرکاء کے سوالوں کے جوابات دئیے۔ مقررین کا کہنا تھا انتہائی تناؤ کے مضر صحت نتائج ہوتے ہیں جو بہت سے جسمانی نظام کو متاثر کرتے ہیں، جب ہم تناؤ سے نمٹنا نہیں سیکھیں گے ہم ذہنی، جذباتی اور جسمانی طور پر نقصان اٹھاتے رہیں گے۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد کا کہنا تھا کہ ہر شخص مغلوب اور دباؤ کا شکار ہو سکتا ہے اور کہا تناؤ کچھ حالات میں فائدہ مند بھی ہوتا ہے جس سے ہمیں کام کی ترغیب ملتی ہے تاہم کسی کام کی وجہ سے مسلسل تناو صحت کے سنگین مسائل کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے اس اہم موضوع پر کلینیکل سیشن کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور سیشن کے اختتام پر منتظمین اور مقررین میں شیلڈز تقسیم کیں۔