صنعتی مراکز معاشی ترقی کے انجن ہیں.صنعتکاری کے عمل کو تیز کرکے روزگار کے مواقع بڑھانا حکومتی پالیسی ہے: صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال

8

لاہور 15 اگست(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پیڈمک اور فیڈمک کے زیر اہتمام صنعتی مراکز میں انفراسٹرکچر، بجلی وگیس کی فراہمی، پلاٹوں کی قیمتوں پر نظر ثانی اور دیگر امور کاجائزہ لیا گیا.چئیرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ فضیل آصف، سیکرٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر احمد جاوید قاضی ،سی ای او جلال حسن اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر نے صنعتی مراکز میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دی۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صنعتی مراکز معاشی ترقی کے انجن ہیں، ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بہانے بازی نہیں چلے گی۔ یہ کوئی طریقہ نہیں کہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں سالہا سال لگ جائیں قائداعظم بزنس پارک میں کثیر المقاصد کمپلیکس 30 نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی۔انھوں نے کہا کہ ایم ٹو پر انٹرچینج کی تعمیرکا کام ستمبر کے پہلے ہفتے میں شروع کیا جائے.صنعتکاروں کی سہولت کے لئے سندر رائے ونڈ روڈ پر ٹریفک کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں.فیڈمک کا نیا بورڈ جلد تشکیل دیا جائے۔انڈسٹریل اسٹیٹس میں لگنے والے صنعتی یونٹس کا نطام کمپیوٹرائزڈ کرنے کی ہدایت بھی دی۔انھوں نے کہا کہ انٹرپرائزسٹیٹس کے لئے آنیوالی درخواستیں 5روز کے اندر نمٹائی جائیں.ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ کے معاملات ایک ہفتے کے اندر حل کئے جائیں.کالونائز انڈسٹریل اسٹیٹس میں واٹر ٹرییٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب اور صاف کئے پانی کی دوبارہ استعمال کا ٹھوس بزنس ماڈل بنایا جائے.صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعتکاری کے عمل کو تیز کرکے روزگار کے مواقع بڑھانا حکومتی پالیسی ہے۔