تھانہ بولا خان 25 آگسٹ (اے پی پی): صوبائی وزیر اقلیتی امور گیانچند ایسرانی آج مختلف دیہاتوں کا دورہ کیا اور موسلا دھار بارشوں سے ہونے والی تباہی کا جائزہ لیا. اس موقع پر متاثرینِ برسات سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یقین دلایا کہ سندھ حکومت بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرے گی.
صوبائی وزیر نے بتایا کہ روینیو حکام کو سروے کر کے ضلع میں ہونے والے نقصانات کی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں. انہوں نے کہا کہ ضلع کے دور دراز علاقوں میں میڈیکل ٹیمیں روانہ کی جا رہی ہیں جبکہ ملیریا ، ڈینگی اور ڈائیریا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اسپرے مہم کا بھی آغاز کیا گیا ہے. انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ہمیشہ عوام کی مشکل گھڑی میں خدمت کی ہے.
صوبائی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ منہدم مکانات اور فصل کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا. انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سخت ہدایات ہیں کہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے ۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، صوبائی وزراء کے ہمراہ سندھ بھر کے دورے کر رہے ہیں ۔ گیانچند ایرانی نے کہا کہ برسات کے متاثرین کی مدد کے لئے مخیر حضرات کو بھی اپنا حصہ ڈالنا ہوگا. بڑی قدرتی آفت آئی ہے ، جس سے صوبے بھر میں کروڑوں لوگ بے گھر ہوئے ہیں. صوبائی وزیر نے درگاہ گل شاہ پر لگائے گئے میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا اور برسات متاثرین کو دی جانے والی علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لیا.