عمران خان نے ملک کا خزانہ خالی کرکے معیشت کو تباہ کردیا ؛ وفاقی وزیر احسن اقبال کی پریس کانفرنس

7

اسلام آباد،4اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی ،اصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے   ملک کا خزانہ خالی کرکے معیشت کو تباہ کردیا ہے  ،‏عمران خان نے فنڈنگ کیس 8 سال تک التوا میں رکھنے کی کوشش کیوں کی؟ ‏‏عمران خان نے آئین وقانون کی خلاف ورزی کی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو   پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے  عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان دعوی کر رہے ہیں کہ وہ بہت معصوم ہیں ، عمران خان اگر صاف اور شفاف تھے تو 8 سال تک اس مسئلے کو طول نہ دیتے، فارن فنڈنگ کیس میں اگر کچھ نہیں تھا تو 8 سال تک آپ نے تاخیری حربے کیوں استعمال کئے ،بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سیلاب زدگان کیلئے آپ کے دل میں کوئی ہمدردی نہیں ہے ۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کو ملک کی معاشی بحالی پر تکلیف ہو رہی ہے ،عمران خان ملک کا خزانہ خالی کر کے  معیشت کو تباہ کر کے گئے ، عمران خان نے جب اپریل میں حکومت چھوڑی تو پاکستان کے سری لنکا جیسے حالات کی باتیں ہو رہی تھیں ، عمران خان اب ایک مرتبہ پھر ملک کو معاشی بدحالی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  عمران خان نے کشمیر کا سودا کیا ، عمران خان نے 2014 میں چینی صدر کا دورہ پاکستان ناکام بنایا ، عمران خان نے سی پیک کے خلاف ایسے بیانات دیئے جس سے ملک میں انتشار پھیلا ۔

وفاقی وزیر احسن اقبال  نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دورہ حکومت میں سی پیک کو نشانہ بنایا جس سے فنڈنگ بند ہوئی ، عمران حکومت نے 4 سال تک گوادر بندرگاہ کی صفائی کیلئے پیسے نہیں دیئے ، عمران خان نے پاکستان کے آئینی اداروں کے خلاف باتیں کیں ،  عمران خان نے 4 سال کے دور اقتدار میں کبھی قومی اتحاد کیلئے کوشش نہیں کی ،اپنے دورہ حکومت میں عمران خان نے ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا جس سے معیشت مضبوط ہوتی، 3 سال میں عمران خان نے ملک کی فوڈ سکیورٹی تباہ کر دی ، مہنگائی کا جن عمران خان بوتل سے نکال کر گئے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام اداروں نے کہا کہ بیرونی سازش والا الزام جھوٹا ہے ، ہم پاکستان کو ایک نئے ہٹلر کا یرغمال نہیں بننے دیں گے ۔