عمران کے ریاست مخالف بیانیے کو آگے بڑھانے کے لیے پرویزالہی سہولت کار کا کردار ادا کر رہے ہیں، عطا تارڑ

9

اسلام آباد۔20اگست  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد منشیات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ  ‘ریموٹ کنٹرولڈ’ وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے ریاست مخالف بیانیہ کو آگے بڑھانے میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہے ہیں، پنجاب میں مسلم لیگ کے کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند نہ کی گئیں تو قانونی کارروائی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر اویس لغاری اور رانا مشہود کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئےکیا  ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پنجاب پولیس اپنے’غیر قانونی چھاپوں کے نام پر مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی کے گھروں میں ڈاکے ڈال رہی ہے اور پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنمائوں کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی سے متعلق ایک کیس میں لاہور کی عدالت کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد میں نے  حفاظتی ضمانت کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتقامی کارروائیاں شہباز گل کی گرفتاری پر کی جا رہی ہیں اور وزیر اعلی پنجاب ریاست مخالف بیانیہ کو آگے بڑھا رہے ہیں۔