محرم الحرام میں امن و امان کو برقراررکھنے میں علماء و مشائخ، معاشرہ کے صاحب الرائے لوگوں کا کردارلائق تحسین ہے؛ ڈپٹی کمشنراوکاڑہ زاہد پرویز وڑائچ

2

اوکاڑہ،10اگست(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا کہ محرم الحرام میں امن وامان کو برقرار رکھنے میں علماء ومشائخ کے ساتھ ساتھ معاشرہ کےصاحب الرائے لوگوں نے جو کردار ادا کیا ہے وہ لائق تحسین ہے، سرکاری اداروں نے جس جانفشانی، لگن اور محنت سے عشرہ محرم الحرام کے دوران خدمات سر انجام دی ہیں اس پر شاباش کے مستحق ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے عزاداری اور ذوالجناح کے جلوسوں کے خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہونے کے بعد ڈیوٹی پر موجود افسران اور اہلکاران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنرزاہد پرویز وڑائچ نے ریسکیو1122 کے ضلعی انچارج ظفر اقبال،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اختر حسین مہار، سی ای اوبلدیہ عمر نسیم، ڈی اوسول ڈیفنس وقاراکبر سمیت اورتمام اداروں کے سر براہان اور ان کی ٹیموں کی کار کر دگی کو سراہا اور ان کو شاباش دی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں وطن عزیز کو امن و آشتی کا گہوارہ بنانے اور لوگوں کی سہولت اور مفاد عامہ کے لئے اپنے آپ کو وقف کرناہے۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حسنین خالد سنپال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک عباس ذوالقرنین، اسسٹنٹ کمشنر ملک راشدنعمت کھوکھر سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔